جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر میں طبی نظام کو مضبوط بنانے اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے مقصد سے چیف میڈیکل آفیسر پونچھ، ڈاکٹر پرویز احمد خان نے سب ڈویژن مینڈھر کے مختلف صحت مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔اس دوران انہوں نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر، پی ایچ سی منکوٹ سمیت دیگر طبی اداروں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں انہوں نے وارڈز، لیبارٹری، الٹراساؤنڈ یونٹ، ٹریٹمنٹ یونٹ ،آپریشن تھیٹر اور ایکسرے شعبہ کا معائنہ کر کے ان کی کارکردگی اور تیاری کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر خان نے نئے قائم کیے گئے ڈائلاسز یونٹ کی تنصیب کے کام کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ اسے جلد از جلد فعال بنایا جائے تاکہ گردوں کے مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔پی ایچ سی منکوٹ اور دیگر مراکز کے دورے کے دوران سی ایم او نے عملے کی وقت کی پابندی اور مقررہ ڈریس کوڈ پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے طبی عملے سے بات چیت کرتے ہوئے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پوری دیانتداری سے نبھانے کی تلقین کی۔انہوں نے مریض دوست نظام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور مریضوں و ان کے تیمارداروں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی مریضوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر بھی زور دیااو تاکہ علاج کے دوران عزت اور معیار برقرار رکھا جا سکے۔