امسال برفباری میں13فیصد کمی واقع، اوسط درجہ حرارت منفی 5ڈگری رہا
بلال فرقانی
سرینگر// وادی میں40روز پر محیط چلہ کلان رخصت ہو گیا اور20دنوں تک جاری رہنے والا’چلہ خورد‘ اور 10روزہ ’ چلہ بچہ‘جلوہ افروز ہوئے ہیں۔ امسال مجموعی طور پر موسم خشک رہا اور میدانی علاقوں میںصرف دو باربرف باراں دیکھنے کو ملا۔ ان چالیس دنوںمیںمجموعی طور پر معمول سے13فیصد کم بارشیںدیکھنے کو ملیں۔ 20اور 21 دسمبر 2025کی درمیانی شب شروع ہونے والا سخت ترین سردی مرحلہ پر مشتمل چلہ کلان نے حسب معمول مختلف رنگ دکھائے۔تیز و تند ہوائوں کا سلسلہ بھی دیکھنے کو ملا اور شبانہ سردیوں کا قہر بھی نظر آیا، تاہم ماضی کی مانند یہ چلہ کلان نا ہی اتنا سرد رہا اور نا ہی میدانی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ روایت کے برعکس امسال آبی ذخائر اور نل بھی نہیں جمے اور نا پانی کے ذخائر منجمد ہوئے۔
برف و باراں
40روز میں صرف2بار میدانی علاقوں میں برفباری ہوئی۔میدانی علاقوں میں23جنوری کو برفباری ہوئی،جس کی وجہ سے وادی کا فضائی اور زمینی راستہ پوری دنیا سے کٹ گیا ،تاہم سرینگر بھی برفباری نہیں ہوئی اور صرف بارش دیکھنے کو ملی تاہم27جنوری کو ہوئی برفباری کے دوران سرینگر کے شہریوں نے بھی برف کے نظارے دیکھے اور اس دوران بھی سرینگر ائر پورٹ پر تمام پروازیں منسوخ ہوئیں اور سرینگر جموں شاہراہ بھی ٹریفک کی آمدرفت کیلئے بند ہوئی اور ریل بھی نہ چل سکی۔
درجہ حرارت
امسال چلہ کلان میں سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی6دگری9جنوری کو ریکارڑ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت13.7ڈگری 20جنوری کو ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں25جنوری کومنفی10.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو سب سے کم رہا۔گزشتہ برس26جنوری کو سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی5.6جبکہ زیادہ سے زیادہ 21جنوری کو14.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق31جنوری1893کو چلہ کلان میں اب تک کا سب سے سرد موسم دیکھنے کو ملا اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے14.4نیچے گر گیا تھا۔گزشتہ10برسوں کے دوران سرینگر میں31جنوری2021کو سرد ترین موسم ریکارڈ کیا گیا اور پارہ منفی8.8 تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چلہ کلان میں مجموعی طور پر بارش کی مقدار معمول سے کم ریکارڈ کی گئی ۔ دستیاب ڈیٹا کے مطابق پورے خطے میں اوسطاً 73.4 ملی میٹر بارش/برفباری ہوئی، جبکہ معمول کی مقدار 84.9 ملی میٹر ہے، یوں مجموعی طور پر 13 فیصد کمی درج کی گئی۔وادی کے کئی اضلاع میں بارش یا برفباری معمول سے کم رہی۔ اننت ناگ میں 61 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جو معمول سے 16 فیصد کم ہے، جبکہ بڈگام میں 36 فیصد اور بانڈی پورہ میں 61 فیصد کمی درج کی گئی۔بارہمولہ، کپواڑہ،کولگام، شوپیان اور سرینگر میں بھی معمول سے کم ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب جموں خطے کے بیشتر اضلاع میں بارش معمول سے زیادہ رہی۔گاندربل میں 25 فیصد زائد ریکارڈ کی گئی۔