بانہال//تحصیل و ضلع رام بن کے دور افتادہ علاقہ چبہ ڈیموٹ میں ایک چھ سالہ لڑکی ایک تیز رفتار ٹاٹا سومو کی زد میں آنے سے لقمہ اجل بن گئی ہے۔ یہ حادثہ نیراہ ۔گنوت رابطہ سڑک پر پیش آیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور پریم راج ولد جانکی داس ساکنہ ڈیموٹ رام بن فرار ہوا ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سنیچر کی دوپہر یہ حادثہ رام بن کے چبہ ڈیموٹ علاقے میں پیش آیا اور تیز رفتار اور لاپرواہی ڈرائیونگ کے نتیجے میں چھ سالہ لڑکی ٹاٹا سومو نمبر JK-19/1858کے نیچے ایک اور موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئی ۔ انہوں نے لڑکی کی شناخت سمن دیوی دختر رنجیت سنگھ ساکنہ چبہ ڈیموٹ کے طور کی ہے۔رام بن پولیس نے بتایا کہ حادثے کے فورا بعد ڈرائیور گاڑی اور شدید زخمی ہوئی لڑکی کو وہیں چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے اور پولیس اسے گرفتار کرنے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لڑکی کی موت موقعہ پرہی واقع ہوگئی ہے اور لاش کو ضروری قانونی لوازمات کیلئے ضلع ہسپتال رام بن پہنچایا جارہا ہے۔اس دوران شاہراہ پر رامسو کے مقام ایک ٹرک جمعہ کی شام سڑک پر پلٹ گیا تاہم سوار بچ نکلے ۔ اسی طرح رامسو کے نزدیک ایک ٹاٹا سومو اور ایک تویرا گاڑی کی ٹکر ہوئی تاہم دونوں گاڑیوں کے مسافر بچ نکلے ۔