یواین آئی
سنگاپور// عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ وینزوئیلا کی تازہ سیاسی صورتحال اور امریکی پابندیاں ہیں۔خام تیل کے سب سے بڑے ذخائر رکھنے والے وینزوئیلا پر حملے کے بعد امریکہ باضابطہ طور پر اس کا کنٹرول سنبھالے گا جس کا واضح اشارہ صدر ٹرمپ اپنے بیان میں دے چکے ہیں۔اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا پر امریکی حملے وال اسٹریٹ پر بڑے ردعمل کو متحرک کرسکتے ہیں، جب جیو پولیٹیکل تنائو بڑھتا ہے تو سرمایہ کار ہمیشہ سونے جیسے محفوظ اثاثوں میں سرمایہ کاری بڑھاتے ہیں۔نئے سال کے آغاز میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی ایک بار پھر روز پکڑ رہی ہے، امریکہ نے وینزوئیلا پر زمینی حملہ کرکے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا ہے جس کے نتیجے میں وینزوئیلا اور اس کے وسیع تیل کے ذخائر کے مستقبل پر غیریقینی صورتحال چھا گئی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بہت زیادہ ہے، یعنی وینزوئیلا کی برآمدات میں مزید رکاوٹوں سے قیمتوں پر فوری اثر پڑے گا۔امریکی پابندیوں کے باعث وینزوئیلا کی تیل برآمدات جنوری کے آغاز سے مکمل طور پر بند ہیں، اس صورتحال کے نتیجے میں ریاستی آئل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کو تیل کی پیداوار میں کمی کرنا پڑ رہی ہے کیونکہ ملک میں ذخیرہ کرنے کی گنجائش تقریباً ختم ہوچکی ہے، لاکھوں بیرل تیل ٹینکروں اور ذخیرہ گاہوں میں پھنس چکا ہے۔ذرائع کے مطابق امریکی حملے سے وینزویلا کے تیل کے پیداواری یا ریفائننگ نظام کو کوئی براہ راست نقصان نہیں پہنچا۔