سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بدھ کی صبح سے ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں تازہ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور سرد لہر مزید تیز ہو گئی۔پیر پنچال کے بالائی مقامات، خاص طور پر پیر کی گلی کے آس پاس، تازہ برفباری ہوئی جس کا براہ راست اثر مغل روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت پر پڑا۔ مغل روڈ، جو راجوری اور پونچھ کو جنوبی کشمیر سے جوڑنے والی ایک اہم شاہراہ ہے، برفباری کے باعث بدھ کی صبح عارضی طور پر بند کر دی گئی تھی۔حکام کے مطابق برف ہٹانے کے کام کے بعد دوپہر کے وقت سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا تھا، تاہم شام کے وقت دوبارہ برفباری شروع ہونے کے سبب ایک بار پھر اس شاہراہ کو بند کرنا پڑا، جس سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسمی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں، کیونکہ موسم کی خرابی کے باعث حالات کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتے ہیں۔ادھر میدانی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ محسوس کیا گیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک راجوری اور پونچھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جاری تھی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارش اور برفباری نے جہاں سردی بڑھا دی ہے وہیں پانی کے ذخائر میں اضافے اور فصلوں کے لیے بھی اسے فائدہ مند قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حکام مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ عملہ الرٹ پر رکھا گیا ہے۔