عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (نارتھ ویسٹ) ایس پی کولیپے، وی ایس ایم نے 29 نومبر سے یکم دسمبر 2025 تک تین روزہ دورے کے دوران پیر پنجال خطے میں جاری متعدد اسٹریٹجک سڑک منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر پروجیکٹ سمپرک بریگیڈیئر آر کے مشرا، کمانڈر 31 بی آر ٹی ایف اور متعلقہ یونٹوں کے افسران بھی ہمراہ تھے۔اس معائنہ کے دوران جن اہم سڑکوں اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا، ان میں بدھل ،مہور،گْل روڈ، راجوری ،تھنہ منڈی،سرنکوٹ روڈ، نیشنل ہائی وے 144،اے اور پونچھ،راولا کوٹ روڈ شامل تھے۔ ٹیم نے مختلف مقامات پر زیرِ تعمیر پلوں، سرنگوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر حساس حصوں کا بھی دورہ کیا۔دورے کے دوران اے ڈی جی نے جاری کام کی رفتار، معیاری معیار اور متعینہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو واضح ہدایات جاری کیں کہ کاموں میں مزید تیزی لائی جائے، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات کو مضبوط کیا جائے اور مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔بدھل مہور گْل روڈ کا معائنہ کرتے ہوئے شری کولیپے نے ہدایت دی کہ اہم حصوں پر کام کی رفتار بڑھائی جائے اور گراؤنڈ پر درپیش تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ ٹیم نے پلوں اور اْن حصوں کا بھی جائزہ لیا جو لینڈ سلائیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔این ایچ 144-اے کی توسیع اور سرنگ سازی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے اے ڈی جی نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی حفاظت یقینی بنائی جائے، کوالٹی کنٹرول پر سختی سے عمل ہو اور قومی شاہراہ کے اس اہم منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔دورے کے دوران زمین کے حصول، جنگلاتی کلیئرنس اور رکاوٹ بننے والی ڈھانچوں کے ہٹانے جیسے اہم انتظامی امور بھی متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ زیرِ بحث آئے۔اے ڈی جی نے تمام ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ باہمی رابطہ اور ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جائے تاکہ تمام رکاوٹیں جلد دور ہوں اور یہ اہم سڑک منصوبے بروقت مکمل ہوں، جو ریاسی، راجوری اور پونچھ کے لوگوں کے لیے بہتر رابطے اور معاشی ترقی کا ذریعہ بنیں گے۔