مینڈھر//بالاکوٹ کے لوگوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اسے سرحدی متاثرین کے مسائل کی کوئی فکر نہیں ۔حد متارکہ کے قریب رہ رہے لوگوں کاکہناہے کہ انہوںنے حالیہ دنوں سخت مشکلات کاسامناکیا لیکن حکومت کا کوئی عہدیدار ان کا حال پوچھنے نہیں آیا۔ان لوگوں کاکہناہے کہ انہوںنے ہمیشہ پی ڈی پی کی حمایت کی مگر پارٹی کے لیڈران نے مرحوم مفتی محمد سعید کے بعد کبھی بھی بالاکوٹ کا دورہ نہیں کیا جبکہ فائرنگ کے دوران کئی قیمتی جانیں بالاکوٹ میں ہی ضائع ہوئیں اور لوگ زخمی ہوئے ۔ان کاکہناہے کہ بھاجپا کے کچھ لیڈران نے دورہ کرکے لوگوں کو کئی یقین دہانیاں کروائیں لیکن زمینی سطح پر کچھ بھی نہیںہوا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ سے لوگوں نے دورے کے دوران اپیل کی تھی کہ بالاکوٹ میں کالونیوں کی طرز پر پختہ بنکر بنائے جائیں تاکہ لوگ اپنی جان و مال کی حفاظت کر سکیں لیکن لیڈران کے وعدے کے باوجود بھی زمینی سطح پر کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں پاکستان کی طرف سے لگاتار کی گئی فائرنگ کے بعد کسی بھی لیڈر نے بالاکوٹ کا دورہ نہیں کیا جبکہ علاقہ کے لوگ کئی دنوں تک قیدی بن کر اپنے گھروں میں محصورہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں کہ وہ سرکار کو اس عدم توجہی کاجواب دیںگے ۔یوتھ لیڈرظہیر خان کاکہناہے کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ مرحوم مفتی محمد سعید کے بعد پی ڈی پی لیڈران نے بالاکوٹ کے سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگوں کو بھول چکے ہیں اور اس وقت تک کسی بھی بڑے لیڈر نے علاقے کادورہ نہیں کیاجبکہ لوگ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں پریشان حال ہیں اور ان کا جانی و مالی نقصان ہورہاہے ۔انہوںنے کہا کہ اب ان کا حق بنتا ہے کہ پی ڈی پی کے نمائندوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ان کے جان و مال کو تحفظ دیاجائے ۔