۔24 برس بعد بھی بونیار میںمقام منزگام سڑک کی تعمیر تشنہ تکمیل
فیاض بخاری
بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے تحصیل بونیار میں واقع مقام -منزگام رابطہ سڑک گزشتہ 24 برس سے نامکمل پڑی ہے، جس کے باعث علاقے کے ہزاروں باشندے روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ سال 2002 میں شروع کیا گیا تھا، تاہم متعدد برس گزرنے کے باوجود یہ اہم رابطہ سڑک اب تک مکمل نہیں ہو سکی اور کئی مقامات پر انتہائی خستہ حالت اختیار کر چکی ہے۔ مکینوں کے مطابق سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے، ٹوٹی ہوئی سطح اور ناقص نکاسی آب کے باعث آمدورفت نہایت دشوار ہو چکی ہے۔ بارش کے دوران صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، جب سڑک کیچڑ میں تبدیل ہو جاتی ہے اور گاڑیوں کے پھنسنے کے واقعات معمول بن جاتے ہیں۔ اس صورتحال سے طلبہ، ملازمین، مریضوں، بزرگ شہریوں اور تاجروں کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ باشندوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) اور متعلقہ ٹھیکیدار کے درمیان مبینہ تنازع کے باعث منصوبہ طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات کی سزا عام عوام کو بھگتنا پڑ رہی ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے مسئلہ حل کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جا رہا۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک مقام اور منزگام سمیت متعدد دیہات کو آپس میں جوڑنے والی اہم سڑک ہے، جس پر روزانہ سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں افراد سفر کرتے ہیں۔ سڑک کی ابتر حالت نہ صرف عوامی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہی ہے بلکہ علاقے کی معاشی سرگرمیوں، تجارتی نقل و حمل اور ہنگامی طبی خدمات کو بھی متاثر کر رہی ہے۔لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا، لیکن یقین دہانیوں کے باوجود زمینی سطح پر خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کی بروقت تعمیر مکمل کر دی جاتی تو آج عوام کو اتنی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔انہوں نے ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کریں۔