کنگن/کرگل اور دراس میں مزدوری کرنے کی غرض سے جانے والے مزدوروں کو منی مرگ چک پوسٹ سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔مامر کنگن اور ضلع گاندربل کے دیگرعلاقوں سے ہر سال کی طرح امسال بھی جب کئی لوگوں نے کرگل اور دراس کا سفر شروع کیا تو انہیں منی مرگ چک پوسٹ سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہیں سے ہی اپنے اپنے علاقوں کی طرف پولیس نے واپس روانہ کردیا ۔ ان مزدوروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں منی مرگ میں بتایا گیا کہ جو مزدور کرگل اور دراس جانا جاہتے ہیں وہ پہلے اپنا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کریں تب جاکر ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ گذشتہ برس محکمہ صحت نے سونہ مرگ میں سکریننگ کیلئے ایک چک پوسٹ قائم کیا تھا تاکہ کرگل لداخ سے سرینگر اور سرینگر سے لداخ اور کرگل روانہ ہونے والے مسافروں اور ڈرائیوروں کا (RAT) کرکے ان کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ کیا جاتا تھا لیکن امسال محکمہ صحت نے سونہ مرگ میں سکریننگ پوائنٹ کو شروع نہیں کیا ہے ۔لوگوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ سونہ مرگ میں سکریننگ پوائنٹ کو پھر سے شروع کیا جائے تاکہ لداخ ، کرگل اور سرینگر کے درمیان سفر کرنے والے افراد کی کورونا جانچ کے بعد آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے۔