محتشم احتشام
پونچھ//ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ زولوجی میں ایک نہایت رنج و الم سے بھرپور تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف ماہرِ تعلیم اور شعبہ زولوجی کی پروفیسر ڈاکٹر تبسم ناز کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر کالج کے اساتذہ، طلبہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحومہ کی علمی و تدریسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے آغاز میں مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی، جبکہ ان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
اس دوران پورا ماحول سوگوار تھا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔مقررین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ڈاکٹر تبسم ناز نہ صرف ایک قابل اور مخلص استاد تھیں بلکہ ایک شفیق رہنما اور بہترین منتظم بھی تھیں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی علم کی ترویج اور طلبہ کی رہنمائی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ان کی تدریسی صلاحیتیں، نرم گفتاری اور طلبہ کے ساتھ شفقت بھرا رویہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اساتذہ اور طلبہ نے اس بات پر زور دیا کہ مرحومہ کی علمی خدمات اور تعلیمی میدان میں ان کی گراں قدر کاوشیں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔ ان کے انتقال کو علمی دنیا کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا گیا۔تقریب کے اختتام پر مرحومہ کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا، جبکہ ان کے لیے بلنددرجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ حاضرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مرحومہ کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے علم و تعلیم کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔