محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو منشیات جیسی سماجی برائیوں سے دور رکھنے کے عزم کے تحت پونچھ پریمیئر لیگ (پی پی ایل) سیزن 6 کا شاندار افتتاح سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں منعقد ہوا۔ یہ ٹورنامنٹ ملک کے بہادر شہداء کے نام معنون کیا گیا ہے، جس نے تقریب کو ایک خاص قومی جذبے سے ہمکنار کر دیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن اسمبلی حویلی اعجاز احمد جان تھے، جنہوں نے باقاعدہ طور پر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پونچھ میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب میں ضلع کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر محکمۂ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس اور مقامی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔افتتاحی میچ میں پونچھ اسپرٹنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 144 رنز بنائے، جس کے جواب میں ننکی پینتھرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 144 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے 4 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔ کفیل مہانس کو 19 گیندوں پر 34 رنز اور 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی کو یادگاری تحائف اور گلدستے پیش کیے گئے، جبکہ دیگر معززین کو روایتی شالیں اوڑھا کر اعزاز سے نوازا گیا۔