پونچھ//میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے پونچھ قصبہ میں’’ سوچھتاہی سیوا‘‘ کے بینر تلے صفائی مہم جاری رہی۔اس دوران ارشاد حسین صوفی سی ای او میونسپل کونسل پونچھ کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں محکمہ میونسپل کونسل کے صفائی کرمچاریوں کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے ملازموں اور مقامی معزز شہریوں نے شرکت کر کے عوام کو صفائی کا پیغام دیا ۔اس دوران جہاں پرانی پونچھ میں شاہراہ کی صفائی کی گئی وہیں ریلی میں شامل لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں بینر لئے تھے جن پر صفائی کے متعلق پیغامات تحریر تھے ۔اس کے علاوہ گاڑیوں پر بھی بینر چسپاں کئے گئے تھے۔سی ای او میونسپل کونسل ارشاد صوفی نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی قیادت میں پورے ملک کی طرح ضلع پونچھ میں بھی صفائی مہم چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ 2اکتوبر تک جاری رکھا جائے گااور مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر اختتام پذیر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج کی اس مہم کے آغاز میں مہم میں شامل لوگوں نے حلف بھی لیا کہ وہ اپنے آس پاس صفائی کو یقینی بنائیں گے۔