پونچھ//جنم اشٹمی کے تہوار پر پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی جشن کا ماحول دیکھنے کو ملا۔اس حوالے سے گیتا بھون پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین اور ریاستی وزیر بشارت بخاری نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مقررین نے اس دن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مت میں کرشنا یا کرشن وشنو کے آٹھویں اوتار گزرے ہیں جنہوں نے اس دنیاں میں آکر حق و اانصاف کی حکومت قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ گووند، گوپال، کرشن، کنہیا، ہری اور جگن نات شری کرشن کے مختلف القاب اور صفاتی نام ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرشن کو بھگتی کا معلم اعظم گردانا جاتا ہے اوربھگوت گیتا ان کی تعلیمات کا خلاصہ ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بشارت بخاری نے بھی کہا کہ ہمیں شری کرشن کی دی ہوئی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے تمام پونچھ کی عوام کو اس تہوار پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہاں کے لوگ اپنا روایتی بھائی چارہ قائم و دائم رکھیں گے۔اس موقعہ پر ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے، ایم ایل سی پردیپ شرما،ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر اور ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کے علاوہ معزز شہریوں اور ضلع افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گیتا بھون پونچھ سے شری کرشن کی زندگی کے مختلف گوشوئوںپر روشنی ڈالتی ہوئی تصویروں کی جھانکیاں ایک جلوس کی صورت میں برآمد کی گئیں جس میں پونچھ قصبہ اوراس کے ملحقہ دیہی علاقہ جات کے مندروں سے درجنوں دستوں نے شمولیت کی۔یہ جلوس پونچھ کے صدر بازار سے گزرتا ہوا بابا ناتھ مندر پہنچا اور وہاں سے دوبارہ واپس آکر گیتا بھون پونچھ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے اختتام پر سناتن دھرم سبھا کے پردھان ستیش ساسن نے تمام پونچھ کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔