محتشم احتشام
پونچھ//ضلعی لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ قومی لوک عدالت 13 دسمبر 2025 کو ضلعی عدالت کمپلیکس پونچھ میں منعقد کی جائے گی، جس کا مقصد مقدمات کے بوجھ میں کمی اور عوام کو فوری اور باہمی رضامندی پر مبنی انصاف فراہم کرنا ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہ ملک گیر مہم نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (NALSA) کے جاری کردہ سالانہ کیلنڈر کا حصہ ہے، جس کے تحت ملک بھر میں لاکھوں معاملات کو مصالحتی بنیادوں پر نمٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈی ایل ایس اے پونچھ کے سیکرٹری/سب جج رفاقت حسین کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق، اس لوک عدالت کا مقصد فریقین کو ایک منظم اور آخری موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے تنازعات کو گفت و شنید کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نہ صرف مقدمات کی طوالت کم کرتے ہیں بلکہ فریقین کو غیر ضروری اخراجات، ذہنی دباؤ اور عدالتوں کے پیچیدہ مراحل سے بھی بڑی حد تک نجات دلاتے ہیں۔
اس اہم دن سے قبل 6 دسمبر 2025 کو پری لوک عدالت سیشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ یہ سیشن فریقین کو ابتدائی بات چیت، موقف کی وضاحت اور مصالحت کے امکانات پر غور کے لئے ایک سازگار ماحول فراہم کریں گے۔ حکام کا ماننا ہے کہ ان نشستوں کی بدولت 13 دسمبر کی لوک عدالت میں بینچز زیادہ مؤثر، منظم اور بغیر کسی تاخیر کے کام کر سکیں گی۔تیاریوں کے سلسلے میں ڈی ایل ایس اے نے متعلقہ محکموں، وکلا اور دیگر فریقین سے کہا تھا کہ وہ 3 دسمبر تک قابلِ تصفیہ مقدمات کی فہرستیں جمع کرائیں تاکہ بروقت بینچز کی تشکیل اور انتظامی امور کی تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ اس عمل کا مقصد یہ ہے کہ لوک عدالت کے روز زیادہ سے زیادہ مقدمات نمٹائے جا سکیں اور فریقین کو فوری ریلیف ملے۔قومی لوک عدالت کو ایک مؤثر، کم خرچ اور عوام دوست نظامِ انصاف کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں چیک باؤنس معاملات، ٹریفک اور موٹر ایکسیڈنٹ کلیمز، گھریلو اور ازدوجی تنازعات، معمولی فوجداری مقدمات، دیوانی امور اور مختلف پری لِٹی گیشن معاملات کو باہمی رضامندی سے حل کیا جاتا ہے۔اس سال کی لوک عدالت سے توقع ہے کہ یہ مقامی عدالتوں کے زیرِ التوا مقدمات کے بوجھ میں نمایاں کمی لائے گی اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لئے ایک مؤثر راستہ ثابت ہوگی۔ ڈی ایل ایس اے پونچھ نے عوام، فریقین اور قانونی ماہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مصالحتی کلچر کو فروغ دے کر عدالتی نظام کو مضبوط بنائیں۔