محتشم احتشام
پونچھ// عوامی شکایات اور ذرائع ابلاغ میں نشر ہونے والی رپورٹس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ پونچھ نے بازاروں میں خود ساختہ اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔سبزیوں اور پھلوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں اور ریٹ لسٹ کی عدم موجودگی سے متعلق رپورٹ کے منظرِ عام پر آتے ہی ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تحصیلدار حویلی اظہر مجید کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ خلیل احمد بانڈے، ضلع پولیس کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان شامل تھے۔ ٹیم نے پونچھ شہر کے مختلف بازاروں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، ریٹ لسٹ کی دستیابی اور تجاوزات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران متعدد دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہونے کا انکشاف ہوا، اس موقع پر ہی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے چالان کیے گئے اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔انتظامیہ نے واضح کیا کہ ہر دکاندار اپنی دکان پر نمایاں مقام پر سرکاری نرخ نامہ آویزاں کرنے کا پابند ہے تاکہ صارفین کو شفاف معلومات فراہم کی جا سکیں۔کارروائی کے دوران دکانوں کی حدود سے باہر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر غیر قانونی طور پر رکھا گیا سامان بھی ضبط کیا گیا۔ متعلقہ دکانداروں کو سختی سے متنبہ کیا گیا کہ عوامی گزرگاہوں میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تحصیلدار حویلی اظہر ماجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا کہ عوام کا استحصال ناقابلِ قبول ہے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف مہم آئندہ دنوں میں مزید تیز کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے تک یہ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل خلیل احمد بانڈے نے تاجروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقررہ سرکاری نرخوں کی پابندی کریں اور ضابطہ اخلاق کے مطابق کاروبار کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام سے بھی گزارش کی کہ اگر کسی دکاندار کی جانب سے زائد قیمت وصول کی جائے تو بلا تاخیر متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ضلع انتظامیہ کی اس کارروائی کو شہری حلقوں نے سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مؤثر کریک ڈاؤن سے نہ صرف قیمتوں میں استحکام آئے گا بلکہ بازاروں میں شفافیت اور قانون کی عملداری بھی مضبوط ہوگی۔