سرنکوٹ//سات محرم الحرام کو پونچھ کے مختلف مقامات سے جلوس عزا برامد کئے گئے ۔اس دوران انجمن امامیہ منتظریہ سنئی پنیالی کے اہتمام سے ہر سال کی طرح اس بار بھی تکیہ شریف سے جلوس عزا برامد ہواجو مکتب امامیہ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں مقامی عزاداروں کے علاوہ گورسائی ، لوہر سنئی ، سرنکوٹ ، پوٹھہ ، پونچھ اور دیگر مقامات سے بھی عزاداروں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر علماء و مقررین نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی ۔انجمن کے سربراہ لیکچرار قربان حسین شاہ نے جلوس میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔جلوس سے مولانا سید امیر حسین ،مولانا سید مصطفٰی جعفری ،مولانا بشیر حسین جعفری اور مولانا ذاکر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔وہیں موہری گورسائی میں عترت سوسائٹی کے زیر اہتمام بیاد گار شہزادہ قاسم ؑ جلوس بر آمد کیا گیا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شام پانچ بجے سمیل والا میں اختتام پذیرہو۔جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید اطہر حسین جعفری ومولانا سید مظاہر حسین جعفری نے کہاکہ امام حسین ؑ نے اپنی قربانی پیش کرکے ہر دور کے یزید کی پہچان کرادی ۔انہوںنے کہا کہ آج وہ دور ہے کہ امت مسلمہ کو ضرورت ہے کہ وہ متحد ہو جائے اور اسلام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کیاجائے ۔اسی طرح کا ایک اور جلوس انجمن کاظمیہ نوناں بانڈی کی جانب سے منعقد کیاگیا۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے مولانا علی اصغر حیدری نے حضرت قاسم ؑکی شہادت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ آپ ؑکی عمر ساڑھے تیرہ برس تھی اور کربلا کے میدان میں جب آپ نے اپنے چچا سے جنگ کی اجازت طلب کی تو آپ نے فرمایا بیٹا موت تمہارے آگے کیسی ہے تو آپ نے جواب دیاشہد سے زیادہ شیریں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ جناب قاسم ؑ کس قدر شعور رکھتے تھے۔ مولانا کے خطاب کے بعد جلوس علم مبارک و گہوارہ شریف بر آمد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے عزاداروں نے شرکت کی ۔