عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں سکھ برادری اور مقامی باشندوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے دوران ایران کے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک امدادی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ منتظمین کے مطابق اس مہم کے دوران لوگوں نے نقدی، سونا اور دیگر قیمتی اشیاء عطیہ کیں، جو انسانی ہمدردی اور یکجہتی کی ایک نمایاں مثال ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مہم مقامی سطح پر منظم کی گئی جس میں گزشتہ چند روز کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لے کر اپنی استطاعت کے مطابق عطیات جمع کروائے۔ اس اقدام کو جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں، خصوصاً پونچھ اور وادی کشمیر میں عوامی سطح پر ابھرنے والی ہمدردی کی ایک لہر کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ تمام عطیات مکمل طور پر رضاکارانہ ہیں اور ان کا مقصد صرف اور صرف تنازع سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہے۔ اگرچہ جمع شدہ امداد کی مجموعی مالیت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی، تاہم اس اقدام کو عوامی سطح پر کافی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ایک منتظم نے بتایاکہ ’یہ ایک خالص انسانی ہمدردی کی کوشش ہے، لوگوں نے اپنی حیثیت کے مطابق بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔’’ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔