بچوں سے بزرگوں تک سب پیش پیش،نقدی ،زیورات اور گلکیں بھی شامل
محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں انجمن جعفریہ کے زیرِ اہتمام ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے ایک باوقار فلاحی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے غیر معمولی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کے دوران سب سے زیادہ دل کو چھو لینے والا منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب معصوم بچوں نے اپنی گلکیں توڑ کر اپنی جمع شدہ رقوم عطیہ کیں۔اسی طرح کمسن بچیوں نے اپنی کانوں کی بالیاں اور دیگر زیورات پیش کیے، جبکہ خواتین نے بھی اپنے قیمتی زیورات عطیہ کر کے قابلِ تقلید مثال قائم کی۔ بزرگ شہریوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اپنی جمع پونجی پیش کی اور اس کارِ خیر میں عملی طور پر شریک ہوئے۔انجمن جعفریہ کے ذمہ داران نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم محض مالی امداد تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اظہار ہے۔