محتشم احتشام
پونچھ//ضلع عدلیہ پونچھ نے عدالتی نظام کو مزید باوقار، باہم ہمدرد اور عوام دوست بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس پونچھ میں بچوں کے لئے خصوصی ’چائلڈ کیئر روم‘ قائم کر دیا۔ اس سہولت کا باقاعدہ افتتاح پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج پونچھ احسن ملک نے کیا۔نومقررہ چائلڈ کیئر روم کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ عدالت آنے والی خواتین سائلین، وزیٹرز اور دیگر افراد جو کمسن بچوں کے ہمراہ عدالت پہنچتے ہیں، انہیں ایک محفوظ، آرام دہ اور معاون ماحول میسر آ سکے۔ کمرے میں ماؤں اور بچوں کے بیٹھنے کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ وہ عدالتی کارروائی کے دوران آرام کر سکیں۔ اس کے علاوہ بچوں کو دودھ پلانے اور بنیادی نگہداشت کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جس سے خواتین کو بچوں کی ضروریات پوری کرنے میں آسانی ہوگی اور عدالتی کارروائی بھی متاثر نہیں ہوگی۔یہ اقدام عدلیہ کی جانب سے صنفی حساسیت، بچوں کے تحفظ اور انصاف تک رسائی کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، خصوصاً ان خواتین اور خاندانوں کے لیے جو دور دراز علاقوں سے طویل سفر طے کر کے عدالت آتے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج پونچھ سشیل سنگھ، چیف جوڈیشل مجسٹریٹ پونچھ سرفراز نواز، سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایل ایس سے) پونچھ رفاقت حسین اور سب جج پونچھ شفیق احمد بھی موجود تھے سیکریٹری ڈی ایل ایس اے رفاقت حسین نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (سی ڈبلیو سی) پونچھ کے چیئرپرسن روہت کھجوریا کے مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ان کی مسلسل کاوشیں قابلِ تحسین ہیں اور انہی کی کوششوں سے یہ چائلڈ کیئر روم فعال صورت اختیار کر سکا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج احسن ملک نے کہا کہ عدالتوں کو وقت کے تقاضوں کے مطابق زیادہ ہمدرد اور سہولت بخش بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’یہ سہولت ماؤں کے ذہنی دباؤ میں کمی لائے گی اور انہیں خاندانی ذمہ داریوں پر سمجھوتہ کیے بغیر انصاف تک رسائی میں مدد دے گی‘۔ضلع عدالت پونچھ نے واضح کیا کہ عوام دوست اصلاحات کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو سکے۔