محتشم احتشام
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے نوجوان کھلاڑی کرشنا دتہ نے اپنی محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کے بل پر ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے کھیلوں کی دنیا میں ضلع کا نام روشن کر دیا ہے۔ کرشنا دتہ، جو کہ ابنیش کمار دتہ کے صاحبزادے ہیں اور پونچھ تائیکوانڈو کلب کے ایک باصلاحیت تربیتی کھلاڑی ہیں، کو اسپورٹس ٹریننگ سینٹر (STC)، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، کاشی پور، اتراکھنڈ میں باقاعدہ طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔یہ کامیابی نہ صرف کرشنا دتہ کے لیے بلکہ پورے ضلع پونچھ کے لیے ایک اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔
ان کی اس کامیابی کے پیچھے ان کی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور کھیل کے تئیں غیر متزلزل عزم شامل ہے۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی صلاحیتوں کو نکھارا اور ثابت کیا کہ اگر جذبہ سچا ہو تو کامیابی ضرور قدم چومتی ہے۔کرشناپونچھ کے معروف تائیکوانڈو کوچ راجندر سنگھ کی نگرانی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں ، جو جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے ایک ممتاز اور تجربہ کار کوچ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ راجندر سنگھ کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور کھلاڑیوں کی تربیت میں خصوصی دلچسپی نے کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کرشنا دتہ کی کامیابی بھی اسی تسلسل کی ایک روشن مثال ہے۔اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کا اسپورٹس ٹریننگ سینٹر ملک کے بہترین اداروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں منتخب کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی تربیت، جدید سہولیات اور ماہر کوچز کی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ ایسے ادارے میں انتخاب کسی بھی کھلاڑی کے لیے ایک بڑا سنگِ میل ہوتا ہے۔ضلع پونچھ کے عوام، کھیلوں کے شائقین اور مختلف سماجی و تعلیمی حلقوں نے کرشنا دتہ کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ساتھ ہی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و ضلع کا نام روشن کریں گے۔ہنس کے عوام کرشنا دتہ کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد اور مستقبل کے لیے نیک تمنائیں پیش کر رہے ہیں۔