محتشم احتشام
پونچھ //ضلع پونچھ میں بڑھتی ہوئی ٹریفک بدنظمی کے پیش نظر پولیس حکام نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز نیرج شرما اور ایس ایچ او پونچھ شیو دیو سنگھ نے پونچھ بس اسٹینڈ کا دورہ کر کے ٹریفک صورتحال کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود ڈرائیوروں کو اہم ہدایات جاری کیں۔دورے کے دوران افسران نے بس اسٹینڈ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عوامل کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
انہوں نے ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کرنے سے گریز کریں اور مقررہ پارکنگ مقامات کا ہی استعمال کریں تاکہ ٹریفک جام کی صورتحال سے بچا جا سکے۔ڈی ایس پی نیرج شرما نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایچ او شیو دیو سنگھ نے بھی ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر بے ترتیب پارکنگ نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بنتی ہے بلکہ ایمرجنسی خدمات کی فراہمی میں بھی رکاوٹ ڈالتی ہے۔مقامی شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے پونچھ شہر میں ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس طرح کے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں تو شہر میں ٹریفک کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر بازاروں اور عوامی مقامات پر رش میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث ٹریفک کے مسائل بھی شدت اختیار کر رہے ہیں۔ پولیس کی بروقت مداخلت کو شہریوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔