جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر سے تعلق رکھنے والے عوام نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور حکومت سے پُرزور اپیل کی ہے کہ آئندہ ہونے والے پنچایتی انتخابات سے قبل پنچایتوں کی حد بندی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔عوام کا کہنا ہے کہ مینڈھر سب ڈویژن میں کئی ایسی پنچایتیں موجود ہیں جہاں ووٹروں کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے یا اس کے قریب ہے، جس کی وجہ سے ایک ہی پنچایت کے اندر تمام علاقوں کے مسائل کو حل کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ بڑی آبادی اور وسیع رقبے کے باعث نہ صرف ترقیاتی کام متاثر ہوتے ہیں بلکہ عام لوگوں کو بھی سرکاری سہولیات تک رسائی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں منتخب نمائندوں کے لیے بھی اتنی بڑی پنچایت کو مؤثر طریقے سے سنبھالنا آسان نہیں ہے، جس کے نتیجے میں عوامی مسائل جوں کے توں رہ جاتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ بڑی پنچایتوں کو تقسیم کر کے نئی اور چھوٹی پنچایتیں قائم کی جائیں تاکہ ہر علاقے کی مناسب نمائندگی ہو سکے۔عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنچایتی انتخابات سے قبل ہی حد بندی کا عمل مکمل کر کے ایک منصفانہ اور مؤثر نظام قائم کیا جائے، تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جا سکے اور ہر فرد کو اس کا حق مل سکے۔