ڈوڈہ //پسماندہ و دور افتادہ علاقوں میں صحت و تعلیمی ڈھانچہ مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. وزیر اعظم مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوا ہے. ان باتوں کا اظہار وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرا سنگھ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ایم بی بی ایس سال اول کی کلاسیں شروع ہونے کے موقع پر منعقد ایک افتتاحی تقریب سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا. تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بذریعہ ویڈیو کانفرنس شرکت کی جبکہ ایل جی کے مشیر راجیو راج بھٹناگر فائنانشل کمشنر اٹل ڈلو وزیر موصوف کے ہمراہ تھے. مرکزی وزیر مملکت نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ ایم بی بی ایس کی کلاسوں کی شروعات ایک تاریخی قدم ہے اس سے نہ صرف مقامی طلاب بلکہ خطہ کی عوام کو بھی راحت ملے گی. انہوں نے کہا کہ جی ایم سی ڈوڈہ نہ صرف ایک ضلع بلکہ چناب ویلی کی عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کررہا ہے. انہوں نے کہا کہ یوٹی جموں و کشمیر میں 7 میڈیکل کالجوں میں سے 5 اداروں میں باقاعدہ طور پر کام کاج بحال ہوگیا ہے. ڈاکٹر جتندرا سنگھ نے کہا کہ یوٹی میں مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں سے ایک نیا دور شروع ہوا ہے.انہوں نے کہا کہ موجودہ تعمیری رفتار سے بہت جلد جموں و کشمیر 'نئے بھارت' و 'سوستھ بھارت' کے وزیر اعظم مودی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گا. خطہ چناب میں تعمیری سرگرمیوں کے حوالے سے وزیر موصوف نے کہا کہ مختلف منصوبوں پر جاری کام سے جہاں مقامی لوگوں کو روزگار کے وسائل فراہم ہوں گے وہیں خوشحالی کا بھی بول بالا ہو گا. انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ سے مسلسل ڈوڈہ خطہ میں تعلیمی و صحت کے شعبہ میں بہتری آرہی ہے. انہوں نے کہا کہ خطہ کی خواتین بھی تعلیمی میدان میں کسی سے کم نہیں ہیں. انہوں نے کئی اہم ترقیاتی منصوبوں پر ہورہی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ ک ساتھ جوڑنے والی کھیلینی تا سدمہادیو سڑک کا کام کو مکمل ہونے میں دو سے تین سال کا عرصہ لگ سکتا ہے. انہوں نے کہا کہ بہت جلد ڈوڈہ ضلع کو بہت جلد ہماچل کے چمبہ شہر کے ساتھ ملایا جائے گا جس کے لئے 6 کلومیٹر لمبا ٹنل تعمیر کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ بیکن کی زیرنگرانی لکھن پور سے بنی بسوہلی کے راستے بھدرواہ ڈوڈہ کے ساتھ جوڑنے کا عمل بھی زیر غور ہے. انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لئے مشہور خطہ چناب میں پکل ڈول، ڈل ہستی دوم کی تعمیر سے مقامی و بیرونی ریاستوں میں بجلی کا بحران ختم ہو گا. ایل جی منوج سنہا نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ٹی جموں و کشمیر میں صحت کے شعبہ میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے. اس دوران میڈیکل کالج ڈوڈہ کے میگزین 'دہ چناب' کی بھی رسم اجرائی عمل میں لائی گئی.