جموں// گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتالوں کے پرنسپل ڈاکٹر ششی سدھن شرما نے کوویڈ 19 کے مریضوں کے لئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا اورایسے مریضوں کیلئے مخصوص وارڈوں اور انتہائی نگہداشت والے یونٹ (آئی سی یو) کامعائنہ کیا۔پرنسپل نے ہسپتال کے وارڈ نمبر 3 اور 7 ، کریٹیکل کیئر یونٹ (سی سی یو) ، ایمرجنسی نیورو سرجری وارڈ ، الگ تھلگ وارڈ اور آٹوکلیو سیکشن میں طبی انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا۔انہوں نے وارڈوں میں عملے کے کام کا معائنہ کیا اور ہسپتال اور اس کے آس پاس فوگنگ اور سینیٹائزیشن پر زور دیا۔دورے کے دوران انہوں نے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ضروری سامان اور دیگر سہولیات کی دستیابی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کو پینے کے صاف پانی ، باتھ رومز وغیرہ کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ضروری کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ میڈیکل آفیسرسٹورز سے کہا گیاکہ وہ وارڈوں کو فراہم کئے وینٹی لیٹروں و دیگر سامان کی تفصیلات فراہم کریں۔کوڈ – 19سرنو نمودار ہونے کے پیش نظر ، انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ عملے کا جائزہ لیں اور مریضوں کے بہترین انتظام کے لئے آزمائشی مشقیں کریں۔ایگزیکٹو انجینئر الیکٹریکل سے کہا گیا تھا کہ کوویڈ وارڈوں کو مکمل طور پر فعال بنائے جانے کے لئے باقی برقی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کریں۔ انہوں نے غفلت برتنے عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔