سرینگر //حکومت نے پیر کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کے پرنسپل ، ڈاکٹر شوکت احمد جیلانی کا تبادلہ کیا اور "عارضی طور پر" اس عہدے کا چارج گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں امراض چشم شعبے کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق سید قریشی کو سونپا ہے۔قریشی تب تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے جب تک"باقاعدہ انتظام نہ کیا جائے۔ایڈیشنل چیف سکریٹری ، صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اتل ڈلو کے حکم کے مطابق ڈاکٹر شوکت احمد جیلانی ، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کو فوری طور پر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سیکریٹری ٹیکنیکل کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن میں سیکریٹری ٹیکنیکل کی حیثیت سے اپنی پوسٹنگ کے دوران ، ان کی تنخواہ گورنمنٹ میڈیکل کالج ، اننت ناگ کے پرنسپل کے عہدے سے نکالی جائے گی۔حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر طارق سید قریشی اس عرصے کے دوران گورنمنٹ میڈیکل کالج ، اننت ناگ کے پرنسپل کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے دوران ، پروفیسر ، شعبہ اوپتھلمولوجی ، گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے عہدے سے اپنی تنخواہ نکالتے رہیں گے۔