سرینگر////جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے جمعرات کو کانگریس صدر سونیا گاندھی سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور انہیںموجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ کے این ایس کے مطابق ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں غلام احمد میرنے سونیا گاندھی کو تنظیمی امور اور سرگرمیوں کے علاوہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔میر نے انہیںرواں مہینے کی 14 تاریخ سے شروع ہونے والے آئندہ جن جاگرن ابھیان کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس میں تمام اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا۔میٹنگ میں دیگر مسائل خصوصاً بے روزگاری اور ترقیاتی مسائل بھی زیر بحث آئے۔سونیا گاندھی نے تنظیمی امور اور سرگرمیوں پر رائے حاصل کی اور پارٹی میں ہر سطح پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے جموںو کشمیرمیں شروع کی جانے والی ممبرشپ مہم پر بھی بات کی۔اس موقعہ پر کانگریس صدر نے کشمیر میں سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔