عظمیٰ نیوز سروس
پونے//کاکروچ جنتا پارٹی نے نیٹ پیپر لیک اسکینڈل پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مطالبے کو لے کر پارٹی 11 جون کو ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی میں احتجاج کرے گی۔ دیپکے نے انتباہ دیا کہ اگر دھرمیندر پردھان استعفیٰ نہیں دیتے ہیں تو 20 جون سے پردھان کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی صدر ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ احتجاج کے دوران پیپر لیک کے معاملے سے متعلق ایک منشور جاری کیا جائے گا۔ دیپکے نے پونے میں ایک پریس کانفرنس میں احتجاج کی تفصیلات کا اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پونے کے احتجاج کے بعد اسی طرح کے مظاہرے لکھنؤ، امرتسر اور جے پور میں کیے جائیں گے۔ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ، “آج کے احتجاج میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ سماجی کارکن وشومبھر چودھری، قانونی ماہر ایڈوکیٹ اسیم سرودے، اور سونم وانگچک مظاہرے میں شامل ہوں گے۔دیپکے نے کہا، ہم وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم اس معاملے پر ملک گیر تحریک شروع کر رہے ہیں۔ آج پونے سے احتجاج کی شروعات کی جارہی ہے بعد میں جے پور، امرتسر اور لکھنؤ میں احتجاج کیے جائیں گے۔ اگر دھرمیندر پردھان مستعفی نہیں ہوتے ہیں تو اس مہینے کی 20 تاریخ کو طلباء بڑی تعداد میں جمع ہو کر مزید احتجاج کریں گے، جو ان کے استعفیٰ تک جاری رہے گا۔