وزیر اعظم مودی کانیتی آیوگ گورننگ کونسل اجلاس سے خطاب
یو این آئی
نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی نے وکست راشٹر کے اہداف تک پہنچنے کے لیے حکومت کے ہر درجے پر تعاون اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے پر زور دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ نیتی آیوگ اس طرح کے تعاون کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کا کردار ادا کر سکتا ہے۔مودی نے نوجوان آبادی کو ملک کی ایک بڑی طاقت اور تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے اس کا فائدہ اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو مانگ پر مبنی تعلیم و تربیت دیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وہ راجدھانی میں نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی گیارہویں میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ہندوستانی معیشت مسلسل اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے اور مضبوط بنی ہوئی ہے۔ مختلف ممالک اور گروپوں کے ساتھ کیے گئے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی ایز) سے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں سمیت معیشت کے مختلف شعبوں کے لیے مواقع بڑھیں گے۔ میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ، لیفٹیننٹ گورنرز، اپنے سینئر ساتھی وزراء اور سینئر افسران کی موجودگی میں مسٹر مودی نے کہا، ”جیسے جیسے ہندوستان ’وکست راشٹر‘ کے عزم کی طرف گامزن ہو رہا ہے، ہماری اجتماعی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ ریاستوں کے درمیان تعاون، مکالمہ اور تجربات کا تبادلہ رہنما اصول ہونا چاہیے۔“
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، مانگ پر مبنی ہنرمندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع کے ذریعے نوجوانوں کے لیے موزوں ماحول تیار کرنا ہماری ترجیح رہنی چاہیے۔ بااختیار نوجوان ہی ہندوستان کے ترقیاتی سفر کے سب سے بڑے محرک بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی قیادت میں ترقی وکست بھارت کے تصور کا ایک اہم محور ہے۔ زراعت، اسٹارٹ اپس، سائنس اور اختراع سمیت مختلف شعبوں میں ناری شکتی اہم تعاون پیش کر رہی ہے۔ ریاستوں کو خواتین کی تعلیم، مہارت کی ترقی، سکیورٹی اور بااختیار بنانے کو ترجیح دینی چاہیے، تاکہ ان کی مکمل صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کے ترقیاتی سفر کو مزید رفتار دی جا سکے۔ مسٹر مودی نے کہا، ”دنیا اس وقت غیر یقینی اور عدم استحکام کے دور سے گزر رہی ہے، اس کے باوجود ہندوستان اعتماد اور پختہ عزم کے ساتھ اپنے ترقیاتی سفر پر مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔“ میٹنگ شروع ہونے سے پہلے وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، ”کوآپریٹو فیڈرلزم کے جذبے سے متاثر ہو کر ہم سب ہندوستان کے ترقیاتی سفر کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ مرکز اور ریاستوں کی مشترکہ کوششیں ہی وکست بھارت کے ہمارے مشترکہ عزم کو سچ کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گی۔“وزیراعظم کی صدارت میں نیتی آیوگ کے اس اعلیٰ ترین ادارے کی میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مودی نے ملک کے منتخب وزیراعظم کے طور پر کل اس عہدے پر مسلسل 4399 دن پورے کر کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کا ریکارڈ پورا کیا۔ نیتی آیوگ کی ٹیم کی حکومت نے حال ہی میں تنظیم نو کی ہے اور ڈاکٹر سمن بیری کی جگہ سابق اقتصادی مشیر ڈاکٹر اشوک لاہڑی کو وائس چیئرمین بنایا گیا ہے۔