یو این آئی
نئی دہلی//دنیا بھر میں ہندوستانی ملاحوں کے تحفظ کے تئیں اپنے اٹوٹ عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے، میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (ایم آر سی سی)ممبئی نے عمان کے حکام کے ساتھ مل کر عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی ٹینکر پر میزائل حملے کے بعد اس پر سوار تمام 24 ہندوستانی ملاحوں کو کامیابی کے ساتھ بچا لیا ہے ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے منگل کو بتایا کہ ایم آر سی سی ممبئی کو پیر کے روز دو بج کر 20 منٹ پر پلا کے جھنڈے والے ٹینکر ایم ٹی میریویکس پر میزائل حملے کی اطلاع ملی۔ یہ جہاز عمان کے مصیرہ کے قریب لنگر انداز تھا۔ جہاز پر 24 ملاح سوار تھے اور وہ سبھی ہندوستانی شہری تھے۔ یہ معلومات جہاز پر موجود ارکان میں سے ایک کے رشتہ دار نے ایم آر سی سی ممبئی کو دی تھی۔ صورتحال کی سنگینی اور ملاحوں کی حفاظت کو لاحق فوری خطرے کو سمجھتے ہوئے، ایم آر سی سی ممبئی نے فورا عمان میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو سینٹر، عمان کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔ انہوں نے عمان کی ایجنسی سے تلاش اور بچا مشن کے تال میل کی ذمہ داری سنبھالنے اور جہاز اور اس کے عملے کو فوری مدد فراہم کرنے کی درخواست کی۔تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے عمان نے پاس کے ایک جہاز کا رخ موڑ کر اور جائے وقوعہ پر دو بچا ہیلی کاپٹر بھیج کر بچا مہم کا آغاز کیا اور اس کی نگرانی کی۔ بدلتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھنے اور ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایم آر سی سی ممبئی نے عمان اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان مسلسل تال میل برقرار رکھا۔ تقریبا پانچ بجے عمان نے تصدیق کی کہ عمان کی بحریہ کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے تمام 24 ہندوستانی ارکان کو محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا ہے۔ بچائے گئے تمام ارکان محفوظ بتائے جا رہے ہیں، اور کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔