کپوارہ+شوپیان//ہندوارہ میں ایک پرائیوٹ سکول کا صفائی کرمچاری اس وقت زخمی ہوگیا جب وہ سکول میں صفائی کر رہا تھا کہ اس دوران وہا ں پر اسرار دھماکہ ہوا۔پرائیو ٹ سکول ہل ویل ہندوارہ کا صفائی کرمچاری ریا ض احمد آہنگر یکم مارچ کو سکول کھلنے کے پیش نظرہفتہ کی صبح سکول کی صفائی کر رہا تھا کہ اس دوران وہا ں پر اسرار طور پر دھماکہ ہوا،جس کے آہنی ریزوں سے ریا ض احمد بری طرح زخمی ہوا ۔دھماکہ کی آ واز سن کر مقامی لوگ وہا ں گئے اور ریا ض کو ضلع اسپتال ہندوارہ لیا۔پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں پولیس نے شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ کے2معاون کاروں کو گرفتار کیا ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں کو پاپہ چھن پل کے قریب گرفتار کیا گیا۔ انکی شناخت عابد وازہ اور شبیر احمد گجر کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے فرار ہونے کی کوشش بھی کی تاہم اُنہیں گرفتار کیا گیا اور تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے2 دستی بم برآمد کئے گئے۔ اُنہیں بانڈی پورہ میں سکیورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ادھر پیٹھ زانی گام بیروہ میں گذشتہ روز انکوانٹر میں ایک ایس پی او کی ہلاکت اور پولیس کانسٹیبل زخمی ہونے کے بعد جنگجوئوں کے فرار ہونے کے واقعہ نے سیکورٹی فورسز کو الرٹ کردیا ہے۔ پیٹھ پورہ میر پورہ بیروہ نامی گائوں کا سنیچر کی صبح53 آر آر ، سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور اس دوران گھر گھر تلاشی لینے کے دوران لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے۔ تاہم جنگجوئوں کیساتھ فورسز کا آمنا سامنا نہیں ہوا۔اس دوران چتراگام زینہ پورہ میں ہفتے میں دوسری بارفسٹ آر آر، 178سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے محاصرہ کیا اور کئی گھنٹوں تک تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔تاہم کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد نہیں ہوئی۔ادھر شوپیان قصبہ کے بونہ گام شیخ محلہ کا سنیچر کی شب قریب 9 بجے 44آر آر ، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس آپریشن گروپ نے ناکہ بندی کی اور گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ آپریشن رات دیر گئے تک جاری رہا۔