ایجنسیز
لاہور// پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، جن میں اکثریت کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ بتائی جاتی ہے۔پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک بیان میں کہا کہ صوبے بھر میں 200 سے زائد انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 21 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا۔بیان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں زیادہ تر ٹی ٹی پی سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ دیگر کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور دیگر کالعدم تنظیموں سے ہے۔بیان میں کہا گیا، ’’ایک خطرناک ٹی ٹی پی دہشت گرد پیر شمس کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، جبکہ بی ایل اے کے عبداللطیف کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے دھماکہ خیز مواد کے ساتھ پکڑا گیا۔‘‘سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 6,330 گرام دھماکہ خیز مواد، 17 ڈیٹونیٹرز، 39 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ایک آئی ای ڈی اور کالعدم لٹریچر برآمد کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ گرفتار دہشت گرد مختلف مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف 21 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔