ممبئی/ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور بائیجوس نے ہندوستان کے کرکٹ ٹیم کے جرسی سے متعلق اسپانسرشپ کے معاہدے میں مزید ایک سال توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ معلومات کرک بز کی رپورٹ میں دی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی کی اپیکس کونسل نے حال ہی میں بنگلورو میں واقع ملٹی نیشنل ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمپنی بائیجوس کے ساتھ توسیع کی منظوری دی ہے ۔ ویسے یہ معاہدہ سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز کے بعد ختم ہونا تھا۔اپیکس کونسل کے حالیہ اجلاس کے فیصلوں سے واقف بی سی سی آئی کے کئی اراکین نے پیر کو کریک بز کو بتایا، ’’معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے ۔ ویسے یہ معاہدہ موجودہ سیریز کے بعد ختم ہونا تھا۔‘‘قابل ذکر ہے کہ بائیجوس کا 2019 میں موبائل فون کمپنی اوپو کی جگہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی جرسی سے متعلق معاہدہ ہوا تھا ۔ یہ معاہدہ باقاعدہ طور پر ستمبر 2019 سے شروع ہوا تھا۔ کرک بزکے مطابق، اوپو سے اسپانسرشپ کے حقوق کی منتقلی کے بعد بائیجوس ایک باہمی سیریز کے لئے 4.61 کروڑ روپے اور ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ میچ کے لیے بی سی سی آئی کو 1.56 کروڑ روپے ادا کر رہا ہے ۔(یواین آئی(