ڈوڈہ //ٹھاٹھری فیگسو و چیڑا سڑک کی خستہ حالی و پی ایم جی ایس وائی کی عدم توجہی کو لے کر پیر کے روز ایک بار پھر عوام نے بٹوت کشتواڑ قومی شاہرہ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ و تعمیراتی ایجنسی کے خلاف نعرہ بازی کی اور شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے متعلقہ ایجنسی کی نااہلی و انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج تک یقین دہانیوں کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا۔سماجی کارکن محمد رفیع کی قیادت میں مظاہرین نے کہا کہ ٹھاٹھری فیگسو و چیڑا سڑک کی خستہ حالی سے سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی متعدد بار عوام نے سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے رجوع کیا اور احتجاجی مظاہرے بھی کئے لیکن آج تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کے بعد مجبوراً عوام کو پھر سے سڑکوں کا رخ اختیار کرنا پڑا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد رفیع نے کہا کہ آج سے قبل بھی کئی مرتبہ عوام نے سڑک پر اتر کر احتجاج کیا لیکن محکمہ کے افسران موقع پر آ کر صرف تسلی دیتے رہیں اور سڑک کی حالت جوں کی توں ہے۔ محمد رفیع نے کہا کہ یہاں کی عوام کو حکمرانوں نے ووٹ بنک کے طور پر استعمال کیا.اور لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔اس دوران تحصیلدار و ایس ایچ او موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کے لئے متعلقہ ایجنسی کو متحرک کیا جائے گا جس کے بعد انہوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔