پونچھ//ہمیشہ سے تنقید کا نشانہ رہنے والے ٹریفک پولیس نے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کی غرض سے اب بیداری پروگرام منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کیاہے ۔ پونچھ میںیہ سلسلہ خاتون افسر کی طرف سے شروع کیاگیاہے ۔ ایس پی رورل شاہین وحیدکی قیادت میںکھنیترمیں ایک بیداری کیمپ منعقد کیا گیاجہاں ٹریفک قوانین کے متعلق طلبا و طالبات کو اہم جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے شاہین وحیداور ڈی وائی ایس پی ٹریفک اسلم شیخ نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل در آمد کر کے ہم نہ صرف اپنی جانوں کو تحفظ فراہم کرسکتے ہیں بلکہ دوسروں کی جانوں کا بھی تحفظ دے سکتے ہیں۔انہوں نے وہاںموجود طلبا و اساتذہ اور دیگر معزز شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکیں اور اگر ان کی بات کوئی نہیں مانتا ہے تو اس کے خلاف پولیس سے شکایت کریں تاکہ قوانین کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان گاڑیوں میں ہر گز سفر نہ کریں جن میں اضافی سواریاں بھری ہوئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ڈرائیور گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال کرتا ہے تو سواریوںکا فرض بنتا ہے کہ اسے ایسا کرنے سے روکیںاور کوئی تیز رفتاری سے چل رہا ہے تواسے بھی تیز نہ چلنے دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سبھی لوگ اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں تو حادثات کی شرح میں کمی آئے گی۔اس طرح کے بیداری کیمپ منعقد کرنے پر لوگوں نے شاہین وحید کا شکریہ ادا کیا او ران کی کارکردگی کی سراہنا کی ۔