پی ایم اِی بس ڈیپو اور ویسٹ ٹو وَنڈو پارک کا بھی دور ہ کیا، جلد تکمیل اور اِفتتاح یقینی بنانے پر زور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے تحت جاری کلیدی بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور آنے والی امرناتھ یاترا سے قبل تمام بڑے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا۔دورے کے دوران مشیر موصوف کے ہمراہ ڈاکٹر دیونش یادو، ڈائریکٹر پروجیکٹس سنیل تھسو اور جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔مشیر نے سب سے پہلے ایف اے ایم اِی۔دوم منصوبے کے تحت تعمیر کئے جا رہے ٹاٹا اِی۔بس ڈیپو کا دورہ کیا اور پی ایم اِی۔بس سیوا پروجیکٹ سے متعلق جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ حکام نے انہیں بتایا کہ جموں شہر میں ماحول دوست عوامی ٹرانسپورٹیشن کو فروغ دینے کے لئے تقریباً 16کروڑ روپے کی لاگت سے جدید الیکٹرک بس اِنفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے۔جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ کی جانب سے شہری ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ناصر اسلم وانی نے اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کی سراہنا کی اور حکام کو ہدایت دِی کہ وہ پی ایم اِی۔بس سیوا پروجیکٹ کی جلد تکمیل اور اِفتتاح کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی اَقدامات جموں کو ایک صاف، سرسبز اورزیادہ منظم شہری مرکز میں تبدیل کر رہے ہیں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو مشن موڈ میں تیز کیا جانا چاہیے۔بعد میں مشیر موصوف نے زیرِ تعمیر ویسٹ ٹو وَنڈر پارک پروجیکٹ کا دورہ کیا اور وہاں کوڑا کرکٹ سے مکمل کئے جاذبیت کے کاموں پر مسرت کا اِظہار کیا ۔ اُنہوںنے پروجیکٹ میں مصروف کاریگروں اور کارکنوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور لگن کو سراہا۔مشیر ناصر اسلم اِس اَقدام کو جموں شہر کے لئے ایک منفرد اور جدید اِضافہ قرار دیتے ہوئے جموں سمارٹ سٹی ٹیم کو سیاحت، ماحولیاتی بیداری اور عوامی تفریح کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک قابلِ ستائش پروجیکٹ شروع کرنے پر مُبارک باد دِی۔حکام نے بتایا کہ ویسٹ ٹو وَنڈر پارک تقریباً 11 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور جون 2026 کے اِختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ تاہم، مشیرموصوف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں تاکہ جموں آنے والے یاتری اور سیاح بھی اس تفریحی مقام سے لطف اندوز ہو سکیں۔حکام کے مطابق منصوبے کی فزیکل پراگریس تقریباً 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اِس پارک میںری سائیکل مواد سے تیار کئے گئے 14 نوادرات قائم کئے گئے ان میں سات بین الاقوامی یادگاریں، پانچ قومی تاریخی مقامات اور اُتر پردیش کی نمائندگی کرنے والی دو یادگاریں شامل ہوں گی۔حکام نے مزید بتایا کہ یہ جموں کا اَپنی نوعیت کا پہلا ویسٹ ٹو وَنڈر پارک ہوگا جسے سکولی بچوں، سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لئے ایک اہم تفریحی اور تعلیمی مقام کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اِس منصوبے سے تخلیقی عوامی بنیادی ڈھانچے کے ذریعے ویسٹ رِی سائیکلنگ اور ماحولیاتی دیرپائی کے تصور کو بھی فروغ ملے گا۔ناصر اسلم وانی نے شہری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور جموں شہر کو جدید، عوام دوست شہری مرکز بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیاجہاں دیرپا بنیاد ی ڈھانچہ اور بہتر عوامی سہولیات دستیاب ہوں۔
پیکیج
JKNC
حکومت اچھی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے پُرعزم
ناصر اسلم کی ایس کے بھون جموں میں مختلف وفود سے ملاقات
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی نے شیرِ کشمیر بھون جموں میں مختلف وفود سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی صدررتن لعل گپتااور شیخ بشیر احمد، صوبائی سیکریٹری جموں بھی موجود تھے۔وفود میں ضلع جموں اربن، جموں رورل اے، جموں رورل بی، کٹھوعہ رورل، ادھم پور اربن، ڈوڈہ، اسٹوڈنٹ ونگ، ویمن ونگ، لیبر ونگ، او بی سی سیل اور ریزیڈنسی روڈ بازار کے صدر شامل تھے۔ملاقات کے دوران ناصر اسلم وانی نے وفود کی شکایات اور مسائل غور سے سنے اور پانی کی فراہمی، سڑک رابطہ، بجلی اور بے روزگاری سے متعلق کئی معاملات موقع پر ہی حل کرتے ہوئے عوام کو راحت فراہم کی۔ناصر اسلم وانی نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت اچھی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بزرگ پنشن مستحقین اور بے روزگار نوجوانوں کیلئے کئی فلاحی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے نوجوانوں کیلئے بہتر سڑک ڈھانچے اور خود روزگار کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔وفود نے تلاب تلو ںنٹکو لین میں تعلیم یافتہ نوجوان خواتین کے ذریعے چلائی جا رہی میونسپلٹی کارٹ سے متعلق مسائل بھی اٹھائے اور اس ضمن میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ناصر اسلم وانی نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور حکومت جموں و کشمیر کے عوام کو راحت اور انصاف فراہم کرنے کیلئے پوری طرح پُرعزم ہے۔