سرینگر//پیپلزکانفرنس کے سینئررہنمااور سابق وزیر بشارت بخاری نے کشمیرمیں کووِڈ ویکسینوں کی قلت پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کوبحران کے اس وقت عوام کے ساتھ برابررابطہ بنائے رکھنا چاہیے۔ایک بیان میں بشارت بخاری نے کہا کہ زمینی سطح پرپائے جانے والی بے ترتیبی حکومت کی توجہ کی متقاضی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت لوگوں کو ٹیکہ لگانے ہرزوردیتی ہے اوردوسری طرف انہیں ٹیکوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے صحت مراکزسے واپس بھیجا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جو دعوے کررہی ہیں اور جو حقیقت ہے اُن میں وسیع خلیج ہے ۔انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی ہے گزشتہ چارروز میں وادی کشمیرمیںصرف دوسولوگوں کو ہرروز ٹیکے لگائے گئے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں کوروناسے ہونے والی اموات میں اضافہ خطے میں بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری کی متقاضی ہے لیکن انتظامی سطح پراموارانجام دینے والوں کارویہ ناموزوں ہیں۔ بشارت بخاری نے کہا کہ وادی میں کووِڈ ویکسینوں کی قلت کو ترجیحی بنیادپردورکرنا ہے اور حکومت کو زمینی سطح پر صورتحال کی نگرانی کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینی چاہیے جوہرگھنٹے بعد صورتحال کاجائزہ لیں گی۔انہوں نے کہا کہ لازمی ہے کہ حکومت کولوگوں کی مشکلات کا ادراک ہونا چاہیے اور اس بحران کو دور کرنے کیلئے اُسے عوام کو وقت وقت پر باخبر رکھنا چاہیے۔