جموں//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سابق جنرل سیکرٹری شیخ نذیر احمد کو ان کی تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا اس موقعہ پر این سی کے سینئر رہنماعبدالرحیم راتھر اور ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال بھی موجود تھے۔سابق وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر نے شیخ نذیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سادگی ، ایمانداری،خوداری اور تنظیمی و سیاسی صلاحیتوں سے مالا مال تھے ۔ اس تقریب کا انعقاد شیر کشمیر بھون میں کیا گیا تھا ۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شیخ نذیر قائدانہ صلاحیتوں سے مالا مال تھے اور انہوں نے اپنی ساری زندگی ریاست کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کر رکھی تھی ۔ انہوں نوجوانوں سے کہا کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنا کر شیخ نذیر کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ شیخ نذیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے این سی کے سینئر ریاستی صدر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہا کہ مرحوم رہنما نے ریاست میں نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنا نے میں جو نمایاں خدمات انجام دیں ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔سابق وزیر عبدالغنی ملک نے کہا کہ شیخ نذیر کو پارٹی میں ایک اہم ستون کی حیثیت حاصل تھی اور ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود انہیں ہمیشہ ہی دامن گیر رہتی تھی۔این سی کے صوبہ جموں کے جوائیٹ سیکرٹری جی ایچ ملک کی جانب سے اس موقعہ پر مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔اس کے علاوہ رتن لال گپتاریاستی نائب صدر این سی،رچھپال سنگھ سابق وزیر ،برج موہن شرماسابق ایم ایل سی،بملالوتھراسابق سابق ایم ایل ایزقاضی جلال الدین،چمن لال بھگت،صوبائی صدر این سی خواتین ونگ ستونت کور ڈوگرہ، دھرم ویر سنگھ جموال ضلع صدر جموں اربن ، چوہدری ہارون اور دیگر رہنمائو ں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔