محتشم احتشام
پونچھ//نیشنل بیڈمنٹن میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ہونہار کھلاڑی حنان مہدی ابن اکبر علی بانڈے کو ضلع سطحی تائی کوانڈو ایسوسی ایشن پونچھ کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دورون اعزاز سے نواز کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس پروقار موقع پر اعجاز احمد جان ایم ایل اے پونچھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ضلع انتظامیہ کے نمائندگان بھی موجود رہے۔تقریب کے دوران حنان مہدی کو ان کی غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں گولڈ میڈل اور مومنٹو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر حاضرین نے نوجوان کھلاڑی کی محنت، لگن اور قومی سطح پر کامیابی کو ضلع پونچھ کے لئے باعثِ فخر قرار دیا۔ مہمانِ خصوصی نے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے خطے کا نام روشن کرتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ بنتے ہیں۔ایم ایل اے حویلی نے حنان مہدی کے ابن اکبر علی بانڈے کو بھی دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی تربیت و رہنمائی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے دعا دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کریں، قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں سمیٹیں اور ملک بھر میں منڈی و پونچھ کا نام روشن کریں۔تقریب میں کھیلوں سے وابستہ عہدیداران، کوچز، کھلاڑیوں اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لئے ایسے اعزازی و حوصلہ افزا اقدامات آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے، تاکہ ضلع پونچھ کھیلوں کے میدان میں نئی تاریخ رقم کرتا رہے۔