رمیش کیسر
نوشہرہ//محکمہ سماجی بہبود نوشہرہ نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے مقصد سے محکمہ آیوش اور تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی کے اشتراک سے پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ نوشہرہ میں ایک روزہ صحت کی دیکھ بھال اور قانونی آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ میں علاقے کے بزرگ شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پریتم لال تھاپانے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر راہول پوری، ایڈوکیٹ گورو پراشر، ڈاکٹر فوزیہ کلثوم سمیت مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
کیمپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد بزرگ شہریوں میں مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں، صحت کی سہولیات، قانونی حقوق اور ان کے لئے دستیاب شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ اس دوران قومی سماجی امدادی پروگرام (NSAP) کے مستفیدین کے لئے موقع پر ہی ڈیجیٹل لائف سرٹیفیکیشن (DLC) کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ پنشن کے فوائد کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ پنشن سے متعلق مسائل اور دیگر سماجی تحفظ اسکیموں کے بارے میں بھی رہنمائی اور مدد فراہم کی گئی۔محکمہ آیوش کی میڈیکل ٹیم نے بزرگ شہریوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور ضرورت کے مطابق انہیں طبی مشورے اور ادویات فراہم کیں۔ اسی دوران تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے قانونی آگاہی سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں بزرگ شہریوں کو ان کے حقوق اور قانونی تحفظ کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا۔کیمپ میں 200 سے زائد افراد کی شرکت نے عوامی دلچسپی اور اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروگرام کے دوران چند ممتاز بزرگ شہریوں کو معاشرے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی اسناد اور یادگاری نشانات بھی پیش کئے گئے۔اس موقع پر سماجی کارکن اور آل جموں و کشمیر معذور ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ضلع راجوری ونود شرما نے بھی خطاب کیا اور بزرگ شہریوں میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے آگاہی کیمپ بلاک سطح پر بھی منعقد کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بزرگ شہری مستفید ہو سکیں۔