عظمیٰ نیوزسروس
جیور//اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتر پردیش کے روشن مستقبل کا نقط آغاز ثابت ہوگا اور ریاست کی معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے نریندر مودی کی موجودگی میں ایئرپورٹ کے پہلے مرحلے کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عزم کو کامیابی میں بدلنے کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایئرپورٹ نہ صرف ریاستی معیشت کو فروغ دے گا بلکہ سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی ترقی کو بھی نئی رفتار دے گا اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گزشتہ 11 سے 12 برسوں میں وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی ہے اور نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسی ترقیاتی سفر کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جب اس ایئرپورٹ کی پانچ رن ویز فعال ہوں گی تو یہ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایئرپورٹ اتر پردیش کو عالمی ایوی ایشن نقشے پر ایک نئی شناخت دے گا اور ‘‘آتم نربھر بھارت’’ کے وڑن کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط انفراسٹرکچر ہی ترقی یافتہ بھارت کی بنیاد ہے۔وزیر اعلیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور ایکسائز ڈیوٹی میں کمی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں بھارت میں قیمتوں کو مستحکم رکھا گیا ہے۔انہوں نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2002 سے 2017 تک ریاست بدانتظامی اور انتشار کا شکار رہی، تاہم گزشتہ 9 برسوں میں ترقی کی رفتار نے ریاست کی شناخت کو ‘‘رکاوٹ سے کامیابی’’ میں بدل دیا ہے۔وزیر اعلیٰ کے مطابق جیور ایئرپورٹ یمنا ایکسپریس وے، دہلی-ممبئی ایکسپریس وے، گنگا ایکسپریس وے، آر آر ٹی ایس اور دہلی-وارانسی ہائی اسپیڈ ریل لائن جیسے بڑے منصوبوں سے جڑ کر اتر پردیش کو عالمی رابطے کا مرکز بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کے لیے براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایئرپورٹ کے قریب سیمی کنڈکٹر چپ مینوفیکچرنگ یونٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کسانوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 13 ہزار ایکڑ زمین کی فراہمی میں کسانوں نے مثبت کردار ادا کیا، جس سے اس منصوبے کی تکمیل ممکن ہو سکی۔