عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ،روزنامہ ندائے مشرق کے مدیر اعلیٰ و مالک اورصحافی ہارون رشید کے والد عبدالرشید شاہ ہفتے کی صبح طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ 77 برس کے تھے۔خاندانی ذرائع کے مطابق وہ پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث طویل عرصے سے صاحب فراش تھے اور بالآخر ہفتے کی صبح اپنی رہائش گاہ واقع باغ مہتاب سرینگر میں اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں۔سرینگر کے چنکرال محلہ حبہ کدل میں سال 1948کو پیدا ہونے والے عبد الرشید شاہ دہائیوں تک وادی کے صحافتی افق پرچھائے رہے جس دوران انہوں نے شعبہ صحافت کی بھر پور آبیاری کی۔سال 1992میں ریاستی محکمہ اطلاعات کی ملازمت سے مستعفی ہو کر انہوں نے روز نامہ ندائے مشرق کی بنیاد ڈالی جس نے بہت کم وقت میں سرینگر سے شائع ہونے والے اخبارات میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
وہ اپنے قلم سے تحریر کردہ فکر انگیز اداریوں کے باعث خاص طور پر مشہور تھے اور وادی کے صحافتی حلقوں میں انہیں بے حد قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔قبل ازیں انہوں نے روزنامہ الصفا کے ساتھ بھی بطور جز وقتی ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دئے۔عبدالرشید شاہ اپریل 2001میں اس میڈیا وفد کا حصہ تھے جس نے اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے ہمراہ ایران کا دورہ کیا۔ اُن کی نماز جنازہ بعد از نماز ظہر باغ مہتاب میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں مانچھوا میں واقع قبرستان میں سپر خاک کیا گیا۔ ان کے انتقال پرمختلف صحافتی،ادبی، سیاسی اور سماجی حلقوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جموں وکشمیر اردو کونسل کے جملہ ارکان بشمول صدر ایڈوکیٹ عبدالرشید ہانجورہ ،نائب صدور پروفیسر رفیع آبادی اور ڈاکٹر خلیق انجم کے علاوہ جنرل سیکرٹری جاوید ماٹجی نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ کونسل نے ان کی وفات کو اردو صحافت کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔انجمن اردو صحافت نے بھی موصوف کی وفات پر پسماندگان خاص کر ان کے فرزند ہارون رشید کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔
اس دوران جوائنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن کشمیر کے ملازمین نے عبدالرشید شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، جو مختصر بیماری کے بعد وفات پا گئے۔اس حوالے سے جے ڈی آئی آفس میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر، سید شہنواز بخاری،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن، محمد رفیق زُلّہ،کلچرل آفیسر کشمیر اور محکمہ کے دیگر افسران اور اہلکار موجود تھے۔اپنے تعزیتی پیغام میں، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن نے عبدالرشید شاہ کی وفات کو کشمیری میڈیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے لیے گہرے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو سکون عطا فرمائے اور اہل خانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔جے ڈی آئی کشمیر کے ملازمین نے بھی معروف صحافی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کے ساتھ ان کے طویل تعلق کو یاد کیا اور صحافت کے میدان میں ان کی لگن اور شاندار خدمات کو یاد کیا۔