پونچھ//منگناڑ سے پونچھ کی جانب آنے جانے والی مسافر بسوں اور دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی من مرضی کی وجہ سے عام عوا م کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ خصوصی طور پر اسکولی طلبہ اور ملازموںکو ہر روز اسکولوں اور دفاتر پہنچنے میںتاخیر ہو جاتی ہے۔راجندر کمار نامی ایک شخص کاکہناہے کہ منگناڑ سے پونچھ آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور اپنی مرضی کے مالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر گاڑی کے چلنے کا وقت 7بجے ہے تو ڈرائیور کبھی کبھی ایک گھنٹہ تاخیر سے چلتے ہیں جس وجہ سے وہ ہر روز مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بس سروس کے بحال ہونے سے انہوں نے راحت کی سانس لی تھی کہ اب انہیں پیدل نہیں چلنا پڑے گا لیکن ڈرائیوروں کی لاپرواہی او من مرضی کی وجہ سے انہیں آج بھی پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔شام لعل نامی شخص نے بتایا کہ زیادہ سواریوں کی لالچ میں ایک تو ڈرائیور تاخیرسے چلتے ہیں دوسرا اضافی سواریاں گاڑیوں پر سوار کر کے ان کے لئے خطرات کا باعث بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منگناڑ سڑک بھی چونکہ یک طرفہ ہے جس وجہ سے اکثر حادثات کا خطرہ رہتاہے ۔انہوں نے محکمہ ٹریفک کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ منگناڑ روٹ پر چلنے والے ڈرائیوروں کو ہدایت دیں کہ وہ وقت کے پابند رہیں اور اپنی گاڑیوں میں اضافی سواریاں نہ بٹھائیں۔