پونچھ//پونچھ قصبہ کی مصروف ترین روڈ جسے ناخاں والی سڑک بھی کہتے ہیں،کی پانی کے نکاسی والی نالی بند ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر سے لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔واضح رہے کہ بالائی چوک جہاں سے ہو کر لوگ پونچھ کے صدر بازار، عدالت ،ضلع ہسپتال اور سی ای او کے دفتر کی جانب جاتے ہیں،کے قریب بنایاگیا گندے پانی کا نکاسی نالہ ایک بار پھر سے بند ہوگیاہے جس کے باعث اس طرف سے گزرنے والے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جمعہ کے روز نالے کے بند ہوجانے کی وجہ سے اس میں بہنے والی گندگی اور پانی سڑک پر بہنے لگا تو وہاں سے گزرتے ہوئے لوگوں کے کپڑے نجس ہو گئے اور اس سڑک کے کنارے پر دوکانداروں کو بھی بدبو اور گندی کی وجہ سے پریشان ہونا پڑا ۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے ایک راہگیر نے کہا کہ بار با ر انتظامیہ تماشائی بنی ہوئی ہے اور لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل عوام کی پرزور اپیل کے بعد وہاں جے سی پی کے ذریعہ نالے کی صفائی کی گئی تھی جس کی وجہ سے وہ نالہ صاف ہو گیا تھاتاہم نالے سے نکلنے والی گندگی کے ڈھیر کو وہاں سے نہیں ہٹایا گیا جو دوبارہ سے نالے کے بند ہو جانے کا سبب بنی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز لوگ نماز پڑھنے کے لئے اس جگہ سے گزرتے ہیں جس دوران ان کے کپڑے تک نجس ہوگئے ۔رابطہ کرنے پر میونسپل کونسل کے افسر ارشاد صوفی نے بتایا کہ ان کا محکمہ جلد ہی اس نالے کو ٹھیک کروائے گا۔