راجوری // راجوری انتظامیہ کی ہدایات پر محکمہ تعمیرات عامہ نے پولیس کی مدد سے کھیورہ سے لیکر چودھری ناڑ تک دوسرے روز بھی ناجائز تجاوزات ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا ۔تاہم جونہی دوسرے روز کام شروع کیا گیا تومقامی لوگوں نے مزاحمت کرنا شروع کردی جس پر انتظامیہ نے سی آر پی ایف کی اضافی نفری تعینات کرکے تجاوزات ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ اس دوران ایس ایچ او راجوری ، تحصیلدارراجوری اور محکمہ تعمیرات عامہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجینئر شکیل احمد ،جونیئرانجینئر ظرافت احمد موقعہ پر موجود رہے جنہوں نے مستعدی کے ساتھ سڑک کناروں پر کھڑی کی گئی تجاوزات ہٹائیں ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے شہر کے اندر صاحب ثروت افراد کی طرف سے کی گئی تجاوزات کو ہٹاتے لیکن ایسا کرنے سے انتظامیہ کترارہی ہے ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہوناچاہئے تاکہ کوئی بھی شخص ایسی مہم کوصرف غریب کے لئے ساتھ منسلک نہ کرے ۔ وہیں اس ضمن میںڈپٹی کمشنر راجوری نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم دیگر جگہوں پر شروع کی جائے گی ۔