پونچھ/پولیس نے ناخوا والی روڈ، قلعہ مارکٹ، بس اڈہ، صدر بازار اور عید گاہ چوک تا باغ ڈیوڈی پر ناجائز تجاوزات و نو پارکنگ کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کرنے کا انتباہ دیا جب کہ بازار میں خوانچہ فروشوں کو ہٹایا۔ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر پونچھ نواز احمد کا کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کوبر قرار رکھنے کیلئے روڈ پر موجود ریڑھی بانوں ،ناجائز تجاوزات اور نو پارکنگ کے خلاف آپریشن کا سلسلہ حسب دستور جاری رکھا جائے گا تاکہ روڈ یوزرز کو دوران ڈرائیونگ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں بھی دکاندار سڑک پر سامان لگا رہے ہیں اور ر یڑھی والے بھی اپنی ریڑھیاںکھڑی کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک تو دور صارفین کا پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ کسی قسم کی قانونی کاروائی سے بچنے کے لیے خود بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور نو پارکنگ، غلط پارکنگ اور ناجائز تجاوزات سے گریز کرتے ہوئے پولیس سے تعاون کریںاور انتظامیہ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں ۔