عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے اکھنور میں 119 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جا رہے پرگوال پُل پر جاری کام کا معائینہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ اکھنور کے رکن اسمبلی موہن لال ، پبلک ورکس کے چیف انجینئر اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی تھے ۔ معائینے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے پُل کے دونوں اطراف سے کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چناب دریا پر 1640 میٹر لمبے اس پُل کی تعمیر ایک اہم منصوبہ ہے جو پرگوال ، جوڑیاں ، خورپالن والا اور دیگر ملحقہ علاقوں کے ایک لاکھ سے زائد رہائشیوں کو بہتر رابطہ فراہم کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروجیکٹ چھمب اور اکھنور کی دو مقامی حلقوں کو جوڑے گا جس سے مقامی برادریوں کیلئے مارکیٹوں ، صحت کی سہولیات اور تعلیمی اداروں تک آسان رسائی ممکن ہو جائے گی ۔ ایل او سی /بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع یہ پُل سرحدی آبادی کیلئے بھی ایک اہم لائف لائن کا کام کرے گا ۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسی کو اضافی افرادی قوت اور مشینری تعینات کرنے اور مارچ ۔ اپریل 2026 تک اس پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے دوہرے شفٹ میں کام کرنے کا حکم دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جوڑیاں میں سجوال ( پرگوال ۔ اندری پٹن ) میں 3.6 کلو میٹر طویل اپروچ روڈ کی تیز رفتار تکمیل پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پرگوال کی طرف جانے والی سڑک پر ضروری مرمت کا کام اس کی توسیع سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا جو بی آر او کرے گا ۔ دورے کے دوران کئی عوامی وفود نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور منصوبے کی قریبی نگرانی پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے مقامی مسائل اور مطالبات بھی اٹھائے ، نائب وزیر اعلیٰ نے انہیں غور سے سُنا اور تمام مسائل کو ترجیحاتی طور پر حل کرنے کی یقینی دہانی کرائی ۔
صحافی کاگھر گرانے کا حکم کس نے دیا؟ | جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو جواب دینا ہوگا :سریندر چودھری
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ہفتے کو کہا کہ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اس بات کا جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے کس کے حکم پر صحافی عرفاز ڈینگ کے گھر کو مسمار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر اس میں ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں جائے موقع کا دورہ کرنے پر میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ‘ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے بات کر رہا ہوں،وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کبھی بھی انتقامی کارروائیوں کی حمایت نہیں کی ہے ‘۔ ان کا کہنا تھا: ‘انتظامیہ ملک کے آئین کے مطابق چل رہی ہے اور ہم صحافیوں کے کام کی عزت کرتے ہیں’۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی کہا کہ حکومت نے ایسا اقدام کرنے کا حکم نہیں دیا تو پھر جے ڈی اے کو واضح کرنا ہوگا کہ انہوں نے ایسا کس کے حکم پر کیا’۔ انہوں نے کہا: ‘صحافیوں کو خاموش کرنے کی کوئی بھی کوشش جمہوری اداروں کی کمزوری کا باعث بن جاتی ہے ‘۔ ان کا کہنا تھا: ‘جے ڈی اے کو جواب دینا ہوگا کہ کس کے کہنے پر ایسا کیا گیا، یہ عمر عبداللہ سرکار کا فیصلہ نہیں ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر اس میں ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
صحافی کاآشیانہ گراناانصافی قرار
عظمیٰ نیوزسروس
گول//ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن گول نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی ارفاز ڈینگ کے ساتھ پیش آنے والاواقعہ افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے۔ ایسوسی ایشن نے متعلقہ حکام کی جانب سے ان کا آشیانہ گرانے کے اقدام کو’’سراسر ناانصافی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس معاملے پر فوری نوٹس لینا چاہئے، حکومت اور انتظامیہ کوبدکاؤ لانا چاہئے نہ کہ بدلہ لینا چاہئے۔ایسوسی ایشن کے مطابق ارفاز ڈینگ ایک نڈر، بے باک اور دیانتدار صحافی ہیں جو ہمیشہ حق و صداقت پر مبنی رپورٹنگ کرتے رہے ہیں۔ ایسے صحافیوں کو دبانے یا نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش نہ صرف آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن گول، صحافی ارفاز ڈینگ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایسوسی ایشن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ، عزتِ نفس اور ان کے پیشہ ورانہ وقار کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ عوام کے مسائل بے خوفی اور ایمانداری کے ساتھ اجاگر کرتے رہیں۔