سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے معاشرے کے معززین اور مذہبی قائدین کو نئی نسل میں امن اور یگانگت کا پیغام عام کرنے کیلئے کہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر ایس کے آئی سی سی میں کشمیر میں مذہبی قائدین کے سنگم کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ایک روزہ طویل کانفرنس میں قریباً 550 مذہبی قائدین، جن میں مولوی اور مفتی بھی شامل تھے ، 200 خواتین اور 200 نوجوانوں نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں معروف مذہبی رہنما شیخ مظفر ، مفتی نثار احمد ، مولانا مظفر ، طارق احمد ، مفتی اسلم ، خالدہ پروین ، راکیش کول جی ، مولانا مفتی سخی راٹھور ، مولوی جاوید، مولوی شبیر ، مولانا عبدالمجید پرے ، مفتی غلام مصطفیٰ ، مفتی مدثر محمد نے شرکت کی ۔ کانفرنس کو جموں کشمیر کیلئے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے مذہبی قائدین اور خواتین کے تشدد سے پاک معاشرہ قائم کرنے میں اُن کے کردار پر غور و خوض کیلئے اُن کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر مختلف مذہبوں اور ثقافتوں کا مسکن رہا ہے جس سے یہاں مخلوط ثقافت کو پنپنے کا موقعہ ملا ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن ، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے بغیر کوئی بھی ترقی ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے مذہبی قائدین اور خواتین کو نشیلی ادویات کی لعنت پر روک تھام لگانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی ۔