مینڈھر //سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر میں گزشتہ 5برسوں سے بیہوشی کا کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹر مریضوں کو دیگر سرکاری ہسپتال میں ریفر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایک ڈاکٹر کی تعیناتی کا حکم جاری کیا گیا تھا لیکن مذکورہ ڈاکٹر نے کبھی بھی مینڈھر میں حاضری نہیں دی اور پھر انتظامیہ کی جانب سے اس کو کسی دوسرے ہسپتال میں اٹیچ کر دیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ اب مذکورہ ڈاکٹر کو ہی تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں ا س وقت مذکورہ آسامی خالی ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر مریضوں کو چھوٹی سرجری کیلئے بھی دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال تین تحصیلوں کے مریضوں کیلئے واحد سہارہ ہے جبکہ کسی بھی مشکل وقت میں مریض کو پہلے مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں ہی لایا جاتا ہے جس کے بعد بیماری اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد ان کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں بیہوشی کے ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ مریضوں کو مذکورہ ہسپتال میں ہی معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔