عظمیٰ نیوز سروس
سانبہ //ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ممبرترنجیت سنگھ ٹونی نے حلقہ سچیت گڑھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف عوامی فلاحی کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ افسران اور مقامی باشندوں سے ملاقات کر کے زمینی سطح پر درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔دورے کے دوران ٹونی نے بنیادی ڈھانچے، عوامی سہولیات اور جاری ترقیاتی پروجیکٹس کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی ان کی اولین ترجیح رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کی ڈی ڈی سی کی مدت 24 فروری کو اختتام پذیر ہو رہی ہے، مگر عوامی خدمت کا سفر کبھی ختم نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ’میری مدت ختم ہو سکتی ہے مگر عوام کی خدمت آخری سانس تک جاری رہے گی، میں جموں و کشمیر کے عوام اور اپنے وطن کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا‘۔انہوں نے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ نفرت انگیز بیانات اور تقسیم کی سیاست سے گریز کرتے ہوئے کردار، دیانتداری اور عوامی خدمت کو ترجیح دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کا مقصد عوام کی فلاح ہونا چاہیے نہ کہ اشتعال انگیزی۔ٹونی نے نوجوان قیادت کو بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کریں اور ملک کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سرحدوں پر فوجی ملک کی حفاظت کرتے ہیں، اسی جذبے کے ساتھ ہر شہری کو اپنے شعبے میں خدمات انجام دینی چاہئیں۔دورے کے دوران مقامی لوگوں نے مختلف ترقیاتی مسائل بھی اٹھائے جن کے حل کے لیے انہوں نے متعلقہ حکام سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ عہدے بدل سکتے ہیں مگر عوام کے ساتھ ان کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔