عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں پولیس نےضلع جموں کے میران صاحب علاقے میں ایک مبینہ منشیات فروش کے قبضے سے ہیروئن نما مادہ برآمد کیا ہے۔ پولیس کی ایک ٹیم ڈاک بنگلہ مرالیان روڈ پر گشت اور گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ناکہ بندی پر مامور تھی۔ اسی دوران ایک موٹر سائیکل سوار مشتبہ شخص نے ناکے کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے قابو میں لے لیا۔پوچھ گچھ کے دوران اس شخص نے اپنی شناخت راج کمار ولد دیو راج ساکن سمبل، میران صاحب کے طور پر ظاہر کی۔بعد ازاں قانون کے تحت تمام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملزم کی تلاشی لی گئی، جس دوران اس کے دانستہ قبضے سے تقریباً 11گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔پولیس نے برآمد شدہ ممنوعہ مادہ موقع پر ہی قانونی ضابطے کے مطابق ضبط کر لیا اور میران صاحب پولیس سٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔